جرائم کی روک تھام، داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی
موٹروے انٹرچینجز، دیگر اہم مقامات پر خصوصی ناکہ بندی پوائنٹس قائم، سیف سٹی کیمروں سے بھی نگرانی، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائینگے:پولیس حکام
فیصل آباد(عبدالباسط سے)ڈکیتی، چوری، راہزنی، اغوا، تاوان، بھتہ خوری، نوسر بازی اور منشیات فروشی سمیت دیگر جرائم کی روک تھام اور شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فیصل آباد پولیس نے شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں، موٹروے انٹرچینجز اور دیگر اہم مقامات پر خصوصی ناکہ بندی پوائنٹس قائم کر دئیے ہیں۔ ناکہ بندی پوائنٹس پر گاڑیوں اور شہریوں کی چیکنگ کے ساتھ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی کا عمل بھی مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ناکہ بندی پوائنٹس پر ضلعی پولیس، ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور دیگر فورسز کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ پولیس اہلکار شہر میں ہونے والی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے ساتھ مشکوک افراد اور گاڑیوں کو روک کر ان کے کوائف اور ریکارڈ پولیس ایپ کے ذریعے چیک کرتے ہیں۔ کسی شخص کے کسی مقدمے میں مطلوب یا ملوث ہونے کی صورت میں اسے گرفتار کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ناکہ بندی پوائنٹس کے قیام سے جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے اور ان کی گرفتاری میں مدد مل رہی ہے، جبکہ شہر میں پٹرولنگ کا عمل بھی مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔ سابقہ جرائم کے ریکارڈ کی بنیاد پر ہاٹ سپاٹ علاقوں میں پولیس نفری اور گشت میں اضافہ کیا جاتا ہے۔ آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا اور سی پی او تنویر حسین کا کہنا ہے کہ جرائم کی روک تھام اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فیصل آباد پولیس ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں نصب سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ مزید مؤثر بنانے کے ساتھ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments