چناب نگر : دودھ 220 اور دہی 280 روپے فی کلو فروخت
گوالوں اور ڈیری فارم مالکان نے دودھ ودہی کی قیمتوں میں ازخوداضافہ کردیا
چناب نگر (نامہ نگار) شہر اور گردونواح میں دودھ فروشوں، گوالوں اور ڈیری فارم مالکان کی جانب سے دودھ اور دہی کی قیمتوں میں مبینہ خودساختہ اضافے کے باعث شہری پریشان ہیں۔ مہنگائی سے متاثرہ مزدور اور کم آمدن والے خاندانوں کے لیے بچوں کی غذائی ضروریات پوری کرنا مشکل ہو گیا ہے ۔اطلاعات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی مقرر کردہ نرخ نامے میں دودھ کی قیمت 160 روپے فی لیٹر اور دہی کی قیمت 200 روپے فی کلو مقرر ہے ، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں دودھ مبینہ طور پر 220 روپے فی کلو اور دہی 280 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے ۔ اس اضافے سے مزدور اور تنخواہ دار طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے اور دودھ و دہی عام شہریوں کی پہنچ سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر چنیوٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ مقررہ نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے فوری کارروائی کی جائے اور مبینہ طور پر خودساختہ قیمتیں وصول کرنے والے ڈیری فارم مالکان اور دودھ فروشوں کے خلاف قانونی اقدامات کیے جائیں، تاکہ عوام کو مناسب قیمت پر دودھ اور دہی دستیاب ہو سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments