فرنٹ ڈیسک افسروں کے زیر اثر تھانے آنے والے خوار

فرنٹ ڈیسک افسروں کے زیر اثر تھانے آنے والے خوار

شہریوں کی درخواستیں آن لائن کرنے اور مقدمات کا اندراج کرنے کی بجائے فرنٹ ڈیسک عملے کی جانب سے ایس ایچ اوز اور دیگر افسروں کی اجازت سے مشروط کر دیا گیا

فیصل آباد(عبدالباسط سے )شہریوں کو بہتر پولیس سروسز کی فراہمی، مقدمات کے فوری اندراج اور پولیس کے ناروا رویے اور روایتی ماحول کی وجہ سے تھا نے آنے سے کترانے والے شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے قائم کیے گئے فرنٹ ڈیسک بھی ضلعی پولیس کے زیر اثر آگئے ۔ ڈکیتی، چوری، راہزنی اور دیگر جرائم کی وارداتوں کا شکار ہو کر انصاف کے حصول اور پولیس کی مدد حاصل کرنے کے لیے تھانے آنے والے شہریوں کی درخواستیں فوری آن لائن کرنے اور ان پر مقدمات کا اندراج کرنے کی بجائے فرنٹ ڈیسک عملے کی جانب سے ایس ایچ اوز اور دیگر افسروں کی اجازت سے مشروط کر دیا گیا ہے ۔ فرنٹ ڈیسک پر تعینات عملے کو مبینہ طور پر تھانہ جات کے ایس ایچ اوز، تفتیشی افسران اور دیگر اہلکاروں نے اپنے زیر اثر کر لیا ہے ، جس کی وجہ سے شہریوں کو بہتر پولیس سروسز کی فراہمی کے لیے قائم کیے گئے فرنٹ ڈیسک بھی شہریوں کے لیے فائدہ مند ثابت نہیں ہو سکے ۔ فرنٹ ڈیسک قائم کرنے کا مقصد پولیس کے ناروا رویے اور روایتی نظام سے تنگ آ کر تھانہ جات آنے سے کترانے والے شہریوں کو عالمی معیار کے مطابق پولیس سروسز کی فراہمی یقینی بنانا تھا۔ ابتدا میں فرنٹ ڈیسک کے قیام کے بعد یہاں تعینات عملے کی جانب سے خوشگوار لہجے میں تھانہ جات آنے والے سائلین کا استقبال کیا جاتا تھا اور انہیں درپیش مختلف مسائل کے سلسلے میں قانونی معاونت فراہم کرنے کے لیے ان کی درخواستیں وصول کرکے آن لائن کر دی جاتی تھیں۔ درخواستیں آن لائن کرنے کے بعد فوری طور پر مقدمات کا اندراج کرتے ہوئے انہیں تفتیشی افسروں کو مارک کر دیا جاتا تھا ۔ ابتدا میں فرنٹ ڈیسک کی مانیٹرنگ کیمروں کی مدد سے کی جاتی تھی اور اس کی حدود میں پولیس اہلکاروں کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا تھا تاکہ فرنٹ ڈیسک کے معاملات کو پولیس کی مداخلت سے پاک رکھا جا سکے ۔تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ فرنٹ ڈیسک مکمل طور پر تھانہ جات کی پولیس کے زیر اثر آ گئے ہیں۔

تھانہ جات میں کسی بھی قسم کی درخواست لے کر آنے والے سائل کی درخواست فوری آن لائن کرنے کی بجائے پہلے ایس ایچ او اور دیگر تفتیشی افسران کے پاس لے جائی جاتی ہے اور ان کی منظوری کے بعد ہی درخواست آن لائن کی جاتی ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست آن لائن کرنے کے بعد مقدمات کا اندراج لازم ہو جاتا ہے اور درخواست خارج کرنے کی صورت میں حکام کو مکمل تفصیلات سے آگاہ کرنا پڑتا ہے ۔ تاہم تھانہ جات میں تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طور پر درخواست فوری آن لائن کرنے کی بجائے پہلے خود مینوئل طریقے سے ان کی تفتیش کی جاتی ہے اور دونوں فریقین کو آمنے سامنے بٹھا کر لین دین کے ذریعے معاملات حل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تاکہ مبینہ طور پر اپنی جیبیں بھی گرم کی جا سکیں۔شہریوں کی جانب سے فرنٹ ڈیسک کے معاملات میں پولیس اہلکاروں کی بے جا مداخلت کے حوالے سے حکام کو متعدد بار شکایات بھی درج کروائی جا چکی ہیں، لیکن حکام مسائل کے حل اور سائلین کو بہتر پولیس سروسز کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے میں مبینہ طور پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فرنٹ ڈیسک کے معاملات میں پولیس کی مداخلت ختم کرنے کے ساتھ ساتھ پولیس نظام کو بہتر اور شفاف بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر پولیس سروسز میسر آ سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...