آن لائن مارکنگ کے نظام سے امتحانی عمل مین شفافیت اور بہتری لانے کیلئے طلبہ کی رہنمائی کا اہتمام
تعلیمی بورڈ طلبہ و طالبات کو جدید امتحانی سہولیات فراہم کرنے اور امتحانی عمل کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کررہا ، طلبہ کی سہولت، تعلیمی مستقبل کا تحفظ اور امتحانی عمل میں شفافیت بورڈ کی اولین ترجیحات :حناچودھری
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین کی خصوصی ہدایات اور ذاتی دلچسپی کے تحت امتحان انٹرمیڈیٹ (سیکنڈ اینول) 2026ء کے سلسلے میں آن لائن مارکنگ کے نظام کو مؤثر، شفاف اور کامیاب بنانے کے لیے طلبہ و طالبات کی رہنمائی اور تربیت کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔اس سلسلے میں گورنمنٹ ایم سی ہائر سیکنڈری اسکول علامہ اقبال روڈ فیصل آباد میں کنٹرولر امتحانات حنا چودھری نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو آن لائن مارکنگ کے طریقہ کار، ای شیٹ پُر کرنے کے مراحل اور دیگر ضروری امور کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی اور ان کے سوالات کے جوابات بھی دیئے ،انہوں نے کہا کہ آن لائن مارکنگ جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ امتحانی نظام کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ اس نظام کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ طلبہ و طالبات کو امتحان سے قبل مکمل رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ ای شیٹ پُر کرنے میں کسی قسم کی غلطی نہ ہو اور ان کی محنت و قابلیت کی درست انداز میں جانچ ممکن بنائی جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی بورڈ طلبہ و طالبات کو جدید امتحانی سہولیات فراہم کرنے اور امتحانی عمل کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کررہا ہے ۔ طلبہ کی سہولت، ان کے تعلیمی مستقبل کا تحفظ اور امتحانی عمل میں شفافیت بورڈ کی اولین ترجیحات ہیں۔ تعلیمی بورڈ فیصل آباد وزیراعلیٰ کے تعلیمی وژن کی پالیسیوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے جدید اصلاحات کے نفاذکیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لارہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments