چینی کی مصنوعی قلت،قیمتوں میں اضافہ

چینی  کی  مصنوعی  قلت،قیمتوں  میں  اضافہ

ڈسکہ،منڈیکی گورائیہ(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )چینی کی مصنوعی قلت کے باعث فی بوری قیمت میں 100روپے کااضافہ کر دیاگیا،ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی بوری 7200 روپے تک فروخت ہونے لگی۔۔۔

مختلف علاقوں میں چینی مافیا بے لگام ہونے لگا، مصنوعی قلت پر قابو نہ پایا جاسکا، اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت نے بھی سر اٹھانا شروع کر دیا جس کے بعد چینی کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ،چینی کی ایکس مل پرائس میں بھی ایک سے دو روپے تک کا اضافہ کردیا گیا۔ پرچون میں چینی 155 سے 160 روپے کلو تک فروخت ہونے لگی،چھوٹے د کاندار170روپے فی کلو تک فروخت کررہے ہیں ،گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چینی کی فی بوری قیمت میں 500 روپے تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔شوگر ملز ایسوسی ایشن کی طرف سے 15 لاکھ میٹرک ٹن چینی اضافی قرار دیکر بیرون ملک بھجوانے کی اجازت کی کوششوں سے اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اس حوالے سے چینی کے ڈیلرز کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں چینی نایاب ہے اس لئے ہمیں مل نہیں رہی جس کی وجہ سے ہم قیمتوں میں اضافہ کرنے پر مجبور ہیں ۔ کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن نے چینی کی بیرون ملک بھجوانے کی کوششوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنے سے مستقبل قریب میں چینی کا بحران پیدا ہو جائے گا، چینی دوبارہ180 روپے سے 200 روپے کلو تک پہنچ جائیگی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں