خراب ٹریفک سگنلز کی مرمت نہ ہوسکی،نظام درہم برہم،شہریوں کو ذہنی اذیت کا سامنا
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)اندرون شہر گوجرانوالہ کے خراب ٹریفک سگنلزکی مرمت بندکردی خراب ٹریفک سگنلز کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم رہنے لگا ۔
،گھنٹوں ٹریفک بند ہونے سے شہری سراپا احتجاج بن گئے ، ٹریفک وارڈنزنے صرف وی وی آئی پی پروٹوکول اور گاڑیوں کے جرمانے کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کرلی۔ نگار پھاٹک ،ٹرسٹ پلازہ چوک،کنگنی والا بائی پاس اور دیگر اہم چوراہوں پر ٹریفک کی بندش معمول بن گئی، اعلیٰ افسران کے روٹس کے باعث ضلعی انتظامیہ اور پولیس انتظامیہ کی طرف سے ٹریفک اور سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے اضافی نفری تو تعینات کردی لیکن خراب ٹریفک سگنل کو بحال نہ کیا بلکہ ٹریفک اہلکار بھی اندرون شہر ٹریفک کی بے ہنگم صورتحال پر قابو پانے میں ناکام رہے ۔ اعلیٰ افسران اپنے پروٹوکول روٹس پر بھی بند سگنلز کو نظرانداز کرنے لگے شہریوں کا کہنا ہے کہ جی ٹی روڈ کو سگنل فری بنانے کے اعلان تو کردیا گیا لیکن ٹریفک بحالی کیلئے کوئی پلان نہیں دیا گیا، ایک سال سے زائد کا عرصہ گزرگیا لیکن ٹریفک سگنلز خراب پڑے ہیں۔