15 روز میں 457 بجلی چور پکڑے گئے ، سوا کروڑ جرمانہ
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو)ریجن بھر میں بجلی چوروں کے خلاف گیپکو سرویلنس ٹیموں کی کامیاب کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔
رواں ماہ کے پہلے دو ہفتوں کے دوران گیپکو سرویلنس ٹیموں کے کامیاب چھاپوں کے نتیجہ میں 457بجلی چور رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔ بجلی چوروں کوایک کروڑ 27لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے ،تمام کیخلاف ایف آئی آرکے اندراج کیلئے درخواستیں دے دی گئیں۔حالیہ خصوصی مہم کے دوران اب تک پکڑے جانیوالے بجلی چوروں کی تعداد 15824ہو گئی جنہیں 87کروڑ 89لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے ہیں۔ چیف ایگزیکٹوانجینئر محمد ایوب نے بتایا کہ وزارتِ توانائی کی ہدایت پر گیپکوریجن کے 6آپریشن سرکلز میں دن رات چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے ، بجلی چوروں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ریجن بھر میں دن اور رات کے فرق کے بغیر کارروائیوں کا سلسلہ آخری بجلی چور کے خاتمہ تک جاری رہے گا۔