شب برات اہل ایمان کیلئے بخشش کی رات ہے :پیر رفیق

شب برات اہل ایمان کیلئے بخشش کی رات ہے :پیر رفیق

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)صاحبزادہ پیر رفیق احمد مجددی نے کہا ہے کہ شب برات اہل ایمان کیلئے بخشش اور مغفرت کی رات ہے۔۔۔

 رحمتوں اور برکتوں سے بھرپور اس رات میں عبادت کرنے سے اللہ تعالیٰ انسان کو اپنی رحمت سے دوزخ کے عذاب سے چھٹکارا اور نجات عطا کر دیتا ہے ،اس رات میں رحمت ِخدا وندی خصوصی طور پر اپنی تمام تر عنایات کے ساتھ اپنی مخلوق پر متوجہ ہوتی ہے رحمتوں کے دروازے کھول د ئیے جاتے ہیں، برکتوں کا نزول ہوتا ہے اور خطاؤں کو معاف کیا جاتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شب برات کے موقع پر پیر محمد سعید احمد مجددی کے 23ویں سالانہ عرس اور شب برات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ رحمتوں اور برکتوں سے بھرپور اس شب میں ہر کام کا فیصلہ ہوتا ہے ،مخلوق کی عمر، رزق ، مصائب و آلام، خیر و شر، رنج و غم، فتح و ہزیمت، وصل و فصل ، ذلت و رفعت ، قحط سالی و فراحی غرض کے سال بھر ہونے والے افعال اس شب مبارکہ میں اس محکمہ سے تعلق رکھنے والے ملائکہ کو تفویض ہوتے ہیں جس پر آئندہ سال عمل ہوتا ہے مگر بدقسمتی سے معاشرے میں بہت سے افراد ایسے ہیں جو اس مقدس رات میں فکرِ آخرت اور عبادت ودعا میں مشغول ہونے کے بجائے دیگر کاموں میں مگن ہوجاتے ہیں ،قیمتی رات کو فضولیات میں ضائع کرنے کے بجائے ہمیں اللہ کے حضور نم آنکھوں کے ساتھ پیش ہونا چاہیے ،گناہوں سے توبہ کرنی چاہیے ، ملک و ملت کی ترقی کی دعا کرنی چاہیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں