ظہیر الدین بابر بہترین حکمران ،عظیم سلطنت کی بنیاد رکھی :گورنر

حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان مغل سپریم کونسل کے زیر اہتمام مغل بادشاہ ظہیر الدین بابر کی 542ویں سالگرہ کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں گورنر سردار سلیم حیدر خان نے خصوصی کردار ادا کرتے ہوئے ملک کی سب سے بڑی برادری کی جملہ تنظیموں کے سربراہوں ارشد مغل، احسن مغل، وائس پریذیڈنٹ تنظیم مغلیہ پنجاب نعیم قمر، خالد جنجوعہ، گلزار حسین طاہر، حاجی ریاض احمد، احتشام الحق مغل سمیت پاکستان بھر سے آ ئے خواتین و حضرات کے ساتھ کیک کاٹا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آج ہم ایسی شخصیت کی یاد میں اکٹھے ہوئے ہیں جس نے نہ صرف عظیم سلطنت کی بنیاد رکھی بلکہ تاریخ میں اپنے کارناموں سے انمٹ نقوش چھوڑے ،ظہیر الدین بابر میں بچپن ہی سے بہادری، حکمت اور قیادت کے جوہر نمایاں تھے ۔ بابر نے 1526 میں پانی پت کی پہلی جنگ لڑ کر ہندوستان میں مغل سلطنت کی بنیاد رکھی، یہ محض جنگ نہیں تھی بلکہ برصغیر کی تاریخ کا وہ لمحہ تھا جب ایک نئی سلطنت نے جنم لیا جو آئندہ 300سال تک قائم رہی۔بابر نے ہندوستان میں جدید فوجی حکمت عملی متعارف کرائی۔ توپ خانے ، گھڑ سوار دستے اور جنگی حکمت عملی میں جدت لا کر اپنی افواج کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا۔ بابر نے ہندوستان میں انصاف اور امن قائم کرنے کیلئے بہترین عدالتی نظام متعارف کرایا ، حکمرانی میں سختی اور نرمی کا حسین امتزاج پیدا کیا جس سے عوام میں ان کی مقبولیت بڑھتی گئی۔بابر کی فراست، انصاف پسندی اور فلاحی سوچ نے مغلیہ سلطنت کو ایک ایسے عہد میں داخل کیا جہاں علم، فن، ثقافت اور تعمیر و ترقی نے نئی بلندیوں کو چھوا۔