پی ایچ اے کی غفلت ، پارکس و گرین بیلٹس خستہ حالی کا شکار ، قبضہ مافیا نے دکانیں بنالیں

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)پی ایچ اے افسروں کی غفلت اور لاپروا ئی کے باعث پارکس اور گرین بیلٹس خستہ حالی کاشکار، قبضہ مافیا نے گرین بیلٹس پر ورکشاپس اور عارضی دکانیں قائم کر لی ہیں ۔
پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے افسران کی عدم دلچسپی اور لاپرواہی کے باعث شہر کے بیشتر پارکوں کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے درخت ، پودے اور گھاس خراب ہونا شروع ہو گئی ،پارکوں کی حالت بری طرح بگڑ رہی ہے اور سیر وتفریح کے لیے آنے والے شہریوں کا رجحان بھی کم ہو کر رہ گیا ہے ۔ ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے ملازمین کی عدم دلچسپی کے باعث پارکوں میں نشئیوں نے ڈیرے ڈالنا شروع کر د ئیے ہیں اور اس کے علاوہ مختلف ادوار میں کروڑوں روپے کے فنڈز سے جی ٹی روڈ اور پسرور روڈ پر درخت ، پودے اور گھاس وغیرہ لگا کر گرین بیلٹوں کو آباد کیا گیا تھا مگر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے افسر وں کی غفلت سے جی ٹی روڈ اور پسرور روڈ پر گرین بیلٹس پر قبضہ مافیا نے ریڑھیاں ،آٹوز ورکشاپ ، عارضی دکانات اور سبزی کے اڈے قائم کر لئے ہیں ۔