آج غزہ ملین مارچ تاریخ ساز ہوگا :ڈاکٹر طارق
گجرات (نامہ نگار ، سٹی رپورٹر )جماعت اسلا می شمالی پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم نے آج اسلام آباد میں غزہ مارچ کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ راولپنڈی کے عوام فلسطینی بھائیوں کو پیغام دینگے پاکستان آپکے ساتھ کھڑا ہے۔
اہل غزہ کی قربانیوں، جدوجہد اور استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں، جڑواں شہروں کے مردو زن آج غزہ ملین مارچ میں بھرپور شرکت کریں غزہ ملین مارچ تاریخ ساز ہوگا اور ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دے گا، پاکستانی ملت سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر ملین مارچ کا حصہ بنیں، وکلا، طلباء، علما ء،کسان، مزدور ،خواتین و بچے بیس اپریل کو اپنے گھروں سے باہر نکل کر ایمانی غیرت و حمیت کا مظاہرہ کریں اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کریں، 26اپریل کو ملک گیر ہڑتال ہوگی۔ان خیالات کااظہار گزشتہ روز جماعت اسلامی راولپنڈی کے مرکزالاکرام بلڈنگ میں ضلعی امیرسید عارف شیرازی ودیگرکے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ 18ماہ سے غزہ میں انسانی حقوق معطل ہیں اسرائیل جنگی جرائم کا ارتکاب کررہا ہے امریکہ اسرائیلی بربریت کے پیچھے پوری طرح کھڑا ہے حماس کے 3ہزار مجاہدین جام شہادت نوش کرچکے ہیں حماس کے مجاہدین نے اسرائیل کو ناکوں چنے چبوائے ہیں اسرائیل کی جنگ بندی کی پیشکش حماس نے مسترد کردی ہے کارپٹ بمباری کا مقصد غزہ سے لوگ نقل مکانی کریں۔ دنیا میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون نہیں چل سکتا ۔