گجرات میں صفائی ، پارکوں کی حالت بہتر ہونے لگی :فخر مشتاق
گجرات (نامہ نگار ، سٹی رپورٹر)گجرات شہر میں اب صفائی دکھائی دیتی ہے‘سڑکوں اور چوکوں میں کوڑے کے ڈھیر نظر نہیں آتے ‘پارکوں کی حالت بہتر ہوگئی ہے‘ اس کارکردگی کا کریڈٹ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے سربراہ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کو جاتا ہے۔
یہ بات پیپلز پارٹی کے رہنما میاں فخر مشتاق پگانوالہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی۔ فخر پگانوالہ نے کہا کہ میں تنقید برائے تنقید کے قائل نہیں’ جہاں مسائل ہوں گے وہاں ببانگ دہل آواز اٹھاؤنگا لیکن اگر کوئی آفیسر بہتر کارکردگی دکھائے تو اس کی تحسین کرنے میں کوئی جھجک نہیں ہونی چاہیے ۔ ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر ورک بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔اگرچہ صوبائی حکومت کے احکامات اور initiatvesپر عملدرآمد کرنا ان کی ذمہ داری ہے لیکن ڈپٹی کمشنر اپنی محنت اور توجہ سے ان initiatves میں جان ڈال دیتے ہیں۔ رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھا‘ سستابازارکو محض رسمی نہیں رکھا بلکہ بار بار وزٹ کرکے وہاں معیار کو یقینی بنا یا’ فلاحی تنظیموں کی مدد سے چوکوں کی آرائش کی’ عوام کیلئے تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کرتے رہتے ہیں’ ضلع کونسل میں جشن بہاراں کے پروگرام بھی ان کی انہی کوششوں کا حصہ ہے ۔تجاوزات کیخلاف مہم ہمیشہ بدمزگی ہوتی ہے ۔لیکن اسے بھی ڈپٹی کمشنر نے بڑی خوش اسلوبی مکمل کیا جس سے راستے کشادہ ہوگئے ۔