پاکستان ، اردن کو تجارتی حجم میں اضافہ کرنا ہوگا :نبیل محمد
سیالکوٹ(نمائندہ دنیا ، خبر نگار )عمان چیمبر آف کامرس کے فرسٹ وائس چیئرمین نبیل محمد مہد ال خطیب نے کہا ہے کہ پاکستان اردن کے سب سے قابل قدر دوستوں میں سے ایک ہے اور دونوں ممالک طویل عرصے سے دوستانہ تعلقات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ ایوان صنعت وتجارت میں کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اردن کے تاجروں کا وفد بھی ہمراہ تھا۔نبیل محمد مہد ال خطیب نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا موجودہ حجم دونوں کی حقیقی صلاحیت سے بہت کم ہے اور اس میں کئی گنا اضافہ کرنے کی گنجائش موجود ہے ، اردن کے تاجر اور سیالکوٹ بالخصوص پاکستانی تاجروں کیساتھ بامقصد اور مضبوط تجارتی تعلقات بنانے کیلئے بہت سے اقدامات کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے مقامی تاجر برادری کو دعوت دی کہ وہ اردن آئیں اورٹیکس فری اور دوستانہ کاروبار ماحول سے لطف اندوز ہوں اور اپنی اعلیٰ معیار کی اشیا کیلئے مشرق وسطیٰ کی مارکیٹ تلاش کرنے کیلئے بھی کوشش کریں۔ ایوان صنعت وتجارت کے نائب صدر عمر خالد نے کہا کہ براہ راست تجارت سے دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔