گرمی، کوڑا کرکٹ ‘ 156مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)موسم گرما اور کوڑا کرکٹ کے باعث گوجرانوالہ کے 156مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا۔۔۔
جس پر محکمہ صحت نے انسداد ڈینگی ٹیموں کو متحرک کردیا اورڈینگی کے حوالے سے حساس مقامات کی مانیٹرنگ سخت کرنے کی ہدایت کردی، انسداد ڈینگی ٹیموں نے قبرستانوں ،پارکوں ،تعلیمی اداروں ،ٹائر مارکیٹوں اور کاروباری مراکز میں ڈینگی کی افزائش پر قابو پانے کیلئے پاؤڈر اور سپرے کا چھڑکاؤ شروع کردیا ،گزشتہ سال 1340سے زائد مقامات سے ڈینگی لاروے برآمد ہوئے تھے جبکہ 3200 سے زائد مقامات کو ڈینگی کے حوالے سے خطرناک قرار دیا گیا تھا، جہاں ڈینگی کی افزائش کے خدشات لاحق تھے ، ڈینگی کی افزائش پر قابو پانے کیلئے محکمہ صحت نے 2ہزار سے زائد ان ڈور اور آؤٹ ڈور ٹیموں کی کارکردگی روزانہ کی بنیاد پر چیک کرنیکا آغاز کردیا،156مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر انسداد ڈینگی ٹیمیں متحرک ہوگئیں اور ان مقامات پر ڈینگی کی افزائش کی روک تھام کیلئے پاؤڈر اور سپرے کا چھڑکاؤ کردیا۔،تاہم محکمہ صحت کے مطابق تاحال کسی بھی علاقے میں ڈینگی کا مریض نہیں پایا گیا ۔