گورنمنٹ گرلز ہائی سکو ل کوٹ اسحاق 5سال سے کلاسز کا منتظر
لدھیوالہ وڑائچ،عالم چوک ( نامہ نگار ، نمائندہ خصوصی )محکمہ تعلیم گوجرانوالہ کی عدم دلچسپی کی وجہ سے گورنمنٹ گرلز ہائی سکو ل کوٹ اسحاق میں کلاسز کا جرا نہ ہو سکا ۔۔
طالبات زیور تعلیم سے آراستہ ہونے کیلئے گوجرانوالہ کے مہنگے پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں جانے پر مجبور ہو گئیں ۔ سابق ایم این اے میاں طارق محمود کی گرانٹ سے کوٹ اسحاق کی ایک لاکھ آبادی کیلئے 4کروڑ روپے کی خطیر رقم سے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کی عمارت کی تعمیر مکمل کر کے 5سال قبل محکمہ تعلیم کے حوالے کر دی گئی تھی لیکن محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسر وں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے تدریسی عمل شروع نہ ہو سکا اور بلڈنگ بھوت بنگلہ کا منظر پیش کرنے لگی ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ5سال سے سکول میں کلاسز کے اجرا نہ ہونے کی وجہ سے بچیوں کو تعلیم حاصل کرنے کیلئے کئی کلو میٹر کا سفر طے کر کے گوجرانوالہ کے مہنگے پرائیویٹ تعلیمی اداروں جانا پڑتا ہے اور زیادہ تر طالبات دور جانے کی وجہ سے تعلیمی سلسلہ ترک کر دیتی ہیں۔ لوگوں نے بتایا کہ سکول میں تدریسی عمل شروع کرنے کیلئے محکمہ تعلیم گوجرانوالہ کے افسر وں کو کئی بار درخواستیں دے چکے ہیں لیکن شنوائی نہیں ہو رہی جس کی وجہ سے ہماری بیٹیاں زیور تعلیم سے محروم ہو رہی ہیں۔ والدین نے وزیر اعلیٰ پنجاب، صوبائی وزیر تعلیم سی او ایجوکیشن اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد سے اپیل کی ہے کہ رواں تعلیمی سال میں کوٹ اسحاق کے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول میں کلاسز کا اجرا کر کے ہماری بیٹیوں کے تعلیمی مستقبل کو تاریک ہونے سے بچایا جائے ۔