بھارت نے جنگ کی تو نشان عبرت بنادینگے :پیپلز پارٹی
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹم بم دے کر پاکستان کو مضبوط اور محفوظ ملک بنا دیا، انڈیا نے جنگ کی تو نشان عبرت بنادینگے پاکستان کا بچہ بچہ اپنے ملک کے دفاع کے لیے اپنی فوج کے ساتھ کھڑا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی ضلع گوجرانوالہ کے جنرل سیکرٹری چودھری ارشاد اللہ سندھو نے ٹکٹ ہولڈر قومی اسمبلی این اے 81 چودھری مالک ورک ایڈووکیٹ، ٹکٹ ہولڈر قومی اسمبلی این اے 78 گوجرانوالہ طارق محمود مغل ٹکٹ ہولڈر صوبائی اسمبلی پی پی 66 علی اصغر ورک ایڈووکیٹ نائب صدر پیپلز لائرز فورم گوجرانوالہ ڈویژن ملک عارف، سینئر نائب صدر پیپلزپارٹی تحصیل گوجرانوالہ مشتاق احمد چیمہ کے ہمراہ مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور فوج کو چاہیے کہ وہ جرات اور بہادری کے ساتھ انڈیا کے منفی پراپیگنڈے اور ہر حرکت کا جواب دے پاکستان کی عوام اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے اب انڈیا کی کوئی بھی ڈرامے بازی نہیں چلے گی حکومت کو چاہیے کہ وہ اے پی سی بلا کر تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے اور بھارت کے خلاف ایک آواز بنیں حکومت کی طرف سے دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا فیصلہ واپس لینا بلاول بھٹو زرداری اور سندھ حکومت کی جیت ہے ۔