وزیر آباد :غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں میں سہولتوں کافقدان
جامکے چٹھہ (نامہ نگار ) ڈسٹرکٹ وزیر آباد کے شہروں اور قصبات میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیمیں لوٹ مار ، فراڈ ، زرعی زمینوں کی تباہی و مہنگائی کا بڑا موجب، عوامی سماجی حلقوں نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے دھندے میں ملوث سرکاری اداروں کے سہولت کاروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ وزیر آباد ،شہر وزیر آباد ،شہر علی پور چٹھہ ،شہر رسول نگر اور قصبات جامکے چٹھہ، ساروکی چیمہ ،کلاسکے ،احمد نگر و دیگر قصبات میں گزشتہ چند برسوں میں غیر قانونی ہاؤسنگ و کمرشل سکیموں کے دھندے کو تیزی سے پروان چڑھایا گیا ہے ،یہ دھندا جہاں علاقے سے زرعی زمینوں، زراعت کے نا پید ہونے کا موجب بن رہا ہے ، وہیں مصنوعی مہنگائی ، قبضہ گروپوں کو تقویت دینے کا بھی باعث ہے ۔ یوں تو حکومت کی طرف سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کو کسی بھی قسم کی یوٹیلیٹی سروسز بجلی ، گیس ، پانی ، سیوریج وغیرہ کے کنکشن دینے پر پابندی ہے مگر سرکاری اداروں کے افسران و ملازمین ان کے بڑے سہولت کار بن کر انہیں ہر طرح کی سہولتیں فراہم کر رہے اور راتوں رات پلاٹوں، دولت کے مالک بن کر امیر ہوتے چلے جا رہے ہیں ، ابتدائی طور پر ان غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں کمیونٹی سنٹر ، قبرستان ،سکول اور مسجد بنانے والی سہولیات کا جھانسہ دیتے ہیں ،بعد ازاں تمام پلاٹ حتٰی کہ راستے تک بھی فروحت کر دیتے ہیں۔