حکومت برآ مدات بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہی :فیض احمد
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو فیض احمد نے بتایا ہے کہ صنعتکاروں کے تعاون سے حکومت پاکستان ایکسپورٹس بڑھانے کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے اور حال ہی میں امریکہ، یورپ، روس ، افریقہ اورمشرق وسطیٰ کے 28ممالک میں کمرشل اتاشی مقررکرکے انہیں ایکسپورٹس میں اضافہ کا ٹاسک دیاگیاہے ۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے ٹی ڈیپ کے ایک وفد کے ہمراہ سپرایشیا گروپ کے دورہ کے دوران ڈائریکٹر ز محمدفیصل افضل اورعمراشرف مغل سے خصوصی میٹنگ کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ ان کے دورہ کامقصد ایکسپورٹرز کو امریکی، یورپی اوردیگر ممالک میں درپیش مسائل سے آگاہی اوران کے حکومتی سطح پر جلد سے جلد حل کی کوشش ہے ۔ ڈائریکٹرز سپرایشیا فیصل افضل اور عمر اشرف مغل (سابق صدر گوجرانوالہ چیمبر)نے ان کی توجہ ایکسپورٹس سے متعلق درپیش مسائل کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہاکہ پراڈکٹ سرٹیفکیشن کے حوالے سے ملکی صنعتکاروں کو امریکہ، یورپی یونین اوردیگر ممالک میں شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے اوربسااوقات یہ پراسس ایک سال سے بھی زیادہ عرصہ طویل ہوجاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سرٹیفکیشن کے حوالے سے ٹی ڈیپ کو ان ممالک سے معاہدے کرنے کے علاوہ ملکی سطح پر بھی ان ممالک کے ہم پلہ سرٹیفکیشن سسٹم کورائج کرناچاہئے تاکہ یہ مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوسکے اورملکی ایکسپورٹس کی راہ میں حائل یہ بڑی رکاوٹ دورکی جاسکے ۔