تھیلیسیمیا کے عالمی دن کے موقع پر سندس فاؤنڈیشن کی ریلی

تھیلیسیمیا کے عالمی دن کے موقع پر سندس فاؤنڈیشن کی ریلی

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر )تھیلیسیمیا سے بچاؤ اور آگاہی کیلئے تھیلیسیمیا کے عالمی دن کے موقع پر سندس فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے آگاہی ریلی کی قیادت کی۔

ریلی میں چیئرمین سندس فاؤنڈیشن گوجرانوالہ حاجی سرفراز احمد، ضلعی انتظامیہ، سول سوسائٹی، تعلیمی ادارو ں کے طلبا و طالبات اور مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز کے ذریعے تھیلیسیمیا سے بچاؤ، بروقت تشخیص، اور رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کے پیغامات عوام تک پہنچائے ۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھیلیسیمیا ایک قابلِ کنٹرول بیماری ہے جس سے صرف شعور، آگاہی اور قبل از نکاح ٹیسٹ کے ذریعے بچا جا سکتا ہے ۔ ہمیں چاہیے کہ ہم خون عطیہ کرنے کے جذبے کو فروغ دیں تاکہ تھیلیسیمیا کے مریضوں کی زندگیوں کو بچایا جا سکے ۔اس ریلی کا مقصد عوام میں تھیلیسیمیا کے حوالے سے شعور بیدار کرنا اور خون کے عطیات کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ریلی کے شرکا نے سبز ہلالی پرچم اورافواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے بینرز، پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں