شرائط پوری نہ کرنیوالے اساتذہ کو توسیع نہ دینے کافیصلہ

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)صوبائی کابینہ نے اساتذہ کی بھرتی پالیسی 2015 اور اس کے بعد کی بھرتیوں کے تحت تعینات ایسے اساتذہ کے کنٹریکٹس میں 31 دسمبر 2025 تک توسیع کی منظوری دی ہے۔
جنہوں نے 23 اپریل 2025 تک بی ایڈ کی ڈگری حاصل کر لی ہے یا بی ایڈ کے آخری سمسٹر کے امتحانات میں شرکت کر کے نتائج کے منتظر ہیں۔اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی گوجرانوالہ ڈاکٹر عطیہ ارشد ملک نے کہا ہے کہ تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز گوجرانوالہ کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ ان احکامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنائیں اور ایسے اساتذہ کے کنٹریکٹس میں توسیع کریں جو مقررہ شرائط پر پورا اترتے ہیں، تاہم ایسے اساتذہ جنہوں نے نہ تو بی ایڈ کی ڈگری یا ٹرانسکرپٹ جمع کرائی ہے اور نہ ہی آخری امتحان میں شریک ہوئے ہیں، انہیں مزید خدمات انجام دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس حوالے سے عملدرآمد رپورٹ سات دن کے اندر دفتر سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی گوجرانوالہ کو ارسال کرنا ضروری ہو گا۔