سیالکوٹ :غیر قانونی تعمیرات پر زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی زیر صدارت ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ اور۔۔
میونسپل کمیٹیوں ڈسکہ، پسرور اور سمبڑیال کی حدود میں غیر قانونی تعمیرات کے تدارک کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سی ای او ضلع کونسل فیصل شہزاد، سی ای او میونسپل کارپوریشن ملک اعجاز احمد، ڈسٹرکٹ آفیسر پلاننگ عمر فاروق سمیت انفورسمنٹ و بلڈنگ انسپکٹرز اور متعلقہ افسر وں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور اس ضمن میں کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منظور شدہ بلڈنگ پلانز کو کیو آر کوڈز جاری کیے جائیں تاکہ انسپکشن کے دوران فوری تصدیق ممکن ہو سکے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ جو دکاندار یا کاروباری شخص کوڑا کرکٹ سڑک یا سیوریج لائن میں پھینکے ، اس کے خلاف فوری جرمانہ کیا جائے اور بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سالڈ ویسٹ سے متعلق جرمانوں کے عمل کو شفاف اور مانیٹر ایبل بنانے کیلئے موبائل ایپ تیار کی جائے گی جس سے تمام کارروائی کو ایک مربوط پورٹل کے ذریعے مانیٹر کیا جا سکے گا۔