واٹر سپلائی کے نلوں میں بدبو دار پانی ، شہری پریشان

واٹر سپلائی کے نلوں میں بدبو دار پانی ، شہری پریشان

ڈسکہ(نامہ نگار) واٹر سپلائی نظام کی خرابی نلوں میں بدبودار پانی آنے لگا، شہری پریشان ہو کر رہ گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ ڈسکہ شہر میں گرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہی سرکاری پانی کی شدید قلت نے عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا۔۔۔

 میونسپل کمیٹی کی غفلت اور ناقص کارکردگی کے باعث شہری بوند بوند پانی کو ترس رہے ہیں جبکہ شکایات کے باوجود مسائل کے حل کے لیے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا جار ہا ،صبح کے اوقات میں جب شہریوں کو سب سے زیادہ پانی کی ضرورت ہوتی ہے ، نلوں سے پانی کے بجائے صرف ہوا کی سرسراہٹ سنائی دیتی ہے ، ناشتہ، بچوں کے سکول جانے کی تیاری اور گھریلو امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں جبکہ سرکاری پانی آنے پر بد بودار اور آلودہ پانی کے سنگین مسئلہ کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،پانی کے پرانے اور بوسیدہ پائپ لائنوں سے گزر کر آنے والا پانی نہ صرف آلودہ ہے بلکہ اس میں شدید بدبوبھی پائی جاتی ہے ، جو شہریوں کی صحت کیلئے خطرہ بن چکی ہے ،عوامی شکایات کے باوجود میونسپل کمیٹی کے ذمہ دار ان ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بار باررابطہ کرنے پر بھی محض طفل تسلیاں دی جاتی ہیں اور زمینی حقائق جوں کے توں ہیں۔ شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر عثمان غنی سے مطالبہ کیا ہے کہ واٹر سپلائی کے نظام کو فوری طور پر درست کیا جائے ، خراب پائپ لائنوں کی مرمت کی جائے اور فرائض میں کوتاہی برتنے والے اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تا کہ صاف اور وافر پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں