نوشہرہ ورکاں :فائرنگ سے بیو پاری زخمی ، 2 ڈاکو پکڑ لئے
13 لاکھ روپے لوٹ لئے ،بیوپاریوں نے درگت بنا کر ڈاکوئوں کو حوالہ پو لیس کر دیا
نوشہرہ ورکاں(تحصیل رپورٹر ،نمائندہ دنیا )موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے بیوپاریوں سے 13 لاکھ روپے لوٹ لئے ،بیوپاریوں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکو قابو کر لئے ،ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک بیوپاری زخمی،ڈاکو پولیس کے حوالے کر دئیے ۔بتایاگیاہے کہ مسندہ ورکاں کے بیوپاری عمیر اور جمشید وغیرہ لاہور مویشی منڈی جا رہے تھے کہ کڑیال مسندہ روڈ پر موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکوؤں نے 13 لاکھ روپے چھین لئے ، اسی دوران ایک بیوپاری جمشید عرف ڈوگر نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ڈاکو کو دبوچ لیا دوسرے ڈاکو کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جبکہ دیگر بیوپاریوں نے فرار کی کوشش کرتے ڈاکو کو قابوکرلیا اور پولیس کو اطلاع دی پولیس پہنچنے سے قبل بیوپاریوں اور اہل دیہہ نے دونوں ڈاکوؤں کی خوب درگت بنائی اور ان سے کلاشنکوف اور 2 پستول برآمد کرکے پولیس کے حوالے کرد ئیے ۔ عینی شاہدین کے مطابق ڈاکو رسول پور تارڑ کے رہائشی نکلے جو عرصہ دراز سے شاہراہوں پر وارداتوں میں ملوث تھے ۔