حافظ آباد:ڈسٹرکٹ بار الیکشن کیلئے کا غذات نامزد گی جمع
سکروٹنی کے بعد حتمی امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی:الیکشن بورڈ
حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )چیئرمین الیکشن بورڈ اعجاز حسین بھٹی ایڈووکیٹ کی زیرِ نگرانی اراکین الیکشن بورڈ عرفان ڈھلوں ایڈووکیٹ اور افضال احمد ہنجرا ایڈووکیٹ نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حافظ آباد کے سال 2026 کے انتخابات کے سلسلے میں امیدواروں سے نامزدگی فارم وصول کرلئے ۔تفصیلات کے مطابق الیکشن بورڈ کی جانب سے جاری کردہ انتخابی شیڈول کے تحت مختلف عہدوں کے لیے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کر ائے۔
الیکشن بورڈ نے تمام موصول ہونے والے کاغذات کی وصولی کے بعد انہیں باقاعدہ ریکارڈ کا حصہ بنا لیا۔الیکشن بورڈ کے مطابق اگلے مرحلے میں فارموں کی سکروٹنی مقررہ تاریخ کو کی جائے گی جس کے بعد حتمی امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔ چیئرمین اور اراکین الیکشن بورڈ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈسٹرکٹ بار کے انتخابات مکمل شفافیت، غیر جانبداری اور قواعد و ضوابط کے مطابق منعقد کیے جائیں گے۔ وکلا برادری نے انتخابی عمل کے آغاز کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ انتخابات کے تمام مراحل خوش اسلوبی اور قانون کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچیں گے ۔