گجرات :سرکاری ریٹ پر آٹے کی فراہمی کیلئے 97 پوائنٹ مقرر
گجرات(سٹی رپورٹر )وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر گجرات میں سستے آٹے کے 97 پوائنٹ مقرر کر د ئیے گئے جہاں پر عوام کو کنٹرول ریٹ پر آٹا ملے گا،20 کلو آٹے کا تھیلا 1810 روپے اور 10 کلو آٹے کا تھیلا 905 روپے میں دستیاب ہو گا۔
ڈپٹی فوڈ کنٹرولر خرم نیاز ثاقب نے ریلوے روڈ اور دیگر علاقوں میں آٹے کی فیئر پرائس شاپ کا وزٹ کیا اور وافر آٹے کی مقدار موجود ہونے پر اور عوام کو کنٹرول ریٹ پر آٹا ملنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں صدر گجرات فلور ملز ایسوسی ایشن نواز بٹ نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے گجرات میں 97 فیئر پرائس شاپ پر فلور ملز مالکان سستا آٹا فراہم کر رہے ہیں، اگر ہمیں3 ہزار روپے میں گندم ملتی رہی تو اسی طرح حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق عوام کو سستا اور معیاری آٹا کنٹرول ریٹ پر ملتا رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مارکیٹ میں آٹے کی قلت نہیں ، 3 ہزار روپے من گندم ملتی رہے تو آٹے کی فراہمی جاری رہے گی، 5 ہزار روپے کی گندم خرید کر سستا آٹا ملوں کیلئے فراہم کرنا ناممکن ہو گا۔