علی پور :گوبر کے ڈھیر‘ صفائی کی ابتر صورتحال ، شہری پریشان
کوڑا بل مسلسل موصول ہو رہے‘صفائی کے نظام میں کو ئی بہتری نہیں آ ئی :شہری
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کوڑا کرکٹ اور مویشیوں کے گوبر کے ڈھیر وں سے نہ صرف بدبو پھیل رہی بلکہ مکھی مچھر اور وبائی امراض جنم لینے کا خدشہ بھی بڑھتا جا رہا ہے ۔ علی پورچٹھہ میں صفائی ستھرائی کے اقدامات صرف مرکزی شاہراہوں اور وقتی فوٹو سیشن تک محدود دکھائی دیتے ہیں جبکہ گنجان آباد محلوں اور اندرونی گلیوں میں کوڑا کرکٹ کے انبار اور مویشیوں کی بھرمار معمول بن چکی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ناقص صفائی کی وجہ سے تعفن پھیل رہا ہے اور بچوں، بزرگوں اور خواتین کی صحت شدید خطرے میں ہے ۔علاقہ کی خواتین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شکوہ کیا کہ حکومت کی جانب سے کوڑا بل مسلسل موصول ہو رہے ہیں جو بعض اوقات دو دو اور تین تین ماہ کے اکٹھے بھیج د ئیے جاتے ہیں جبکہ عملی طور پر صفائی کی صورتحال میں کوئی بہتری نظر نہیں آتی۔ شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ صفائی کا موجودہ نظام زمین بوس ہو چکا ہے اور عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مزید پریشانیوں میں مبتلا کر رہا ہے ۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کوڑا بل کے اجرا کے طریقہ کار پر نظرِ ثانی کی جائے ، غیر ضروری بوجھ ختم کیا جائے اور صفائی ستھرائی کے نظام کو فوٹو سیشن سے نکال کر عملی بنیادوں پر فعال کیا جائے ۔