لاری اڈا ڈسکہ پر تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن ، دکانیں مسمار
امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے پیرا فورس بھی موقع پر موجود رہی
ڈسکہ ،سیالکوٹ (نامہ نگار ،نمائندہ دنیا ) اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر کی نگرانی میں ڈسکہ لاری اڈا پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا جس کے دوران 14 دکانوں کو مسمار کیا گیا جن کی مجموعی مالیت کا تخمینہ 17 کروڑ روپے ہے ۔کارروائی کو مؤثر اور کامیاب بنانے کیلئے بھاری مشینری کا استعمال کیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر موجود رہیں اور آپریشن کے تمام مراحل کی نگرانی کرتی رہیں۔
انہوں نے کہا کہ تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی اور سرکاری زمین کو واگزار کروانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے پیرا فورس کی نفری بھی موقع پر موجود رہی۔ سعدیہ جعفر نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف یہ مہم آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی گئی تاکہ شہر کی خوبصورتی، ٹریفک کی روانی اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔