ریونیو ریکوری اہداف مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت
واجبات کی وصولی میں شفافیت، اور قانون کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے :کمشنر
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )کمشنر نوید حیدر شیرازی نے ڈویژن بھر کے ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کی جس میں ریونیو ریکوری، پلس ، کھیوٹ سے متعلق مسائل، ریونیو کورٹ کیسز اور ستھرا پنجاب پروگرام کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نوید احمد بھی موجود تھے جبکہ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن محمد شفیق ،ایڈیشنل کمشنر ریونیو نعمان حفیظ ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب ،اے سی آر محمد فرقان ،اے سی سٹی اقرا مبین ،اے سی صدر فیصل مجید ،تحصیلداروں اور نائب تحصیلداروں نے شرکت کی۔
دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزاور اسسٹنٹ کمشنرز ویڈیو لنک سے منسلک تھے ۔کمشنر نے ہدایت کی کہ ریونیو ریکوری کے اہداف مقررہ وقت میں ہر صورت مکمل کیے جائیں اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری واجبات کی وصولی میں شفافیت، رفتار اور قانونی تقاضوں کو ہر صورت ملحوظِ خاطر رکھا جائے ۔کمشنر نے پلس اور کھیوٹ ایشوز کے حل پر زور دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنرزسے کہا کہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور زمین سے متعلق معاملات میں غیر ضروری تاخیر عوام کے اعتماد کو متاثر کرتی ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ متعلقہ افسران فیلڈ میں جا کر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔