علی پور چٹھہ : نکاسی آب کے کھلے نالے شہریوں کیلئے خطرہ
ریلوے پھاٹک، گورمے چوک، قادرآباد روڈ اور سید نگر روڈ پر نالوں کی سلیبیں اور ڈھکن ٹوٹ پھوٹ کا شکار، بلدیہ حکام تماشائی ، شہریوں کا اظہار تشویش
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )شہر کے گنجان آباد علاقوں میں نالوں کے ٹوٹے کور اور کھلے مین ہول شہریوں کیلئے سنگین خطرہ بن گئے ،بلدیہ حکام خاموش تماشائی کا کردار ادا کر نے لگے ۔ شہر کے اہم اور مصروف مقامات ریلوے پھاٹک، گورمے چوک، قادرآباد روڈ اور سید نگر روڈ پر نالے گندے پانی سے بھرے پڑے ہیں جن پر نصب سلیبیں اور کور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکے ہیں یا مکمل طور پر غائب ہیں ،کھلے نالوں کی وجہ سے بچوں، راہگیروں، موٹر سائیکل سواروں اور گاڑیوں کو ہر وقت حادثے کا خدشہ رہتا ہے۔ شہریوں کے مطابق گورمے چوک میں کچھ عرصہ قبل خاتون رکشے سے اترتے پاؤں پھسلنے کے باعث کھلے نالے میں جا گری خوش قسمتی سے جان بچ گئی تاہم زخمی ہو گئی۔
واقعہ کی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد عجلت میں نالے کو کور کیا گیا جو اس امر کا ثبوت ہے کہ شہر میں اقدامات صرف حادثے کے بعد کیے جاتے ہیں پیشگی حفاظتی انتظامات کا فقدان ہے ۔ علاقہ مکینوں نے انکشاف کیا کہ بلدیہ کی جانب سے ہر ماہ نالوں اور مین ہولز کے کور پر لاکھوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں مگر ناقص میٹریل اور غیر مؤثر حکمت عملی کے باعث یہ کور چند ہی دنوں میں دوبارہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتے ہیں جس سے عوام کے ٹیکس کا پیسہ ضائع ہو رہا ہے ۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں کھلے نالوں اور مین ہولز کو فوری طور پر معیاری کور سے بند کیا جائے ،ناقص کام کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور کسی بھی ممکنہ جانی نقصان سے قبل مؤثر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔