تاریخی ریلوے سٹیشن کے پلیٹ فارم پر ریڑھیوں بانوں کا قبضہ، ادبی بیٹھک پر تالے
عمارت کے سامنے غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ قائم ،علمی اور دیگر سر گرمیوں کو فروغ دینے کیلئے 2ماہ قبل تزئین و آرائش کرکے ادبی بیٹھک بنائی گئی تھی ،پلیٹ فارم پر نشئیوں نے بھی ڈیرے ڈال لئے
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر ) تاریخی ریلو ے سٹیشن کی عمارت میں قائم ادبی بیٹھک دو ماہ سے بند ،عمارت کے سامنے غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ قائم جبکہ پلیٹ فارم پر ریڑھیوں کا اڈابن گیا ۔ دو ماہ قبل ضلعی انتظامیہ نے ریلوے سٹیشن کی خستہ ہال عمارت کی ازسر نو تزئین و آرائش کر کے اس جگہ پر ادبی بیٹھک قائم کی تھی جس کا مقصد شہریوں میں ادبی علمی اور دیگر سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا لیکن افتتاح کے بعد سے لے کر آج تک ادبی بیٹھک کے دروازے کو تالا لگا ہوا ہے جبکہ اس کے سامنے گاڑیوں کا غیر قانونی سٹینڈ بن گیا ہے جبکہ ریڑھی والوں نے پلیٹ فارم پر اڈا بنا رکھا ہوا ہے ۔ادبی بیٹھک کے دروازے پر گاڑیاں کھڑی ہیں جبکہ نشئیوں نے بھی پلیٹ فارم پر ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ جب ادبی بیٹھک کا افتتاح کیا گیا تھا تو اس وقت یہ کہا گیا کہ یہاں کتب میلے مشاعرے مصوری کی نمائش اور دیگر فنون لطیفہ کی سرگرمیوں کا انعقاد ہوا کرے گا لیکن ادبی بیٹھک کی عمارت تو بند ہے ۔ضلعی انتظامیہ کو چاہیے کہ ادبی بیٹھک کو کھولا جائے تاکہ یہاں مثبت سرگرمیوں کو بحال کیاجا سکے ۔