پولیس مقابلہ ،ریکارڈ یافتہ ملزم زخمی حالت میں گرفتار
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)تھانہ دھلے کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ریکارڈ یافتہ ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق جھولے لعل دربار کے قریب مشکوک موٹر سائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو اس نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس نے فوری تعاقب کیا اور کچھ ہی فاصلے پر ملزم زخمی حالت میں پایا گیا۔ملزم کی شناخت سلیمان کے نام سے ہوئی جو مبینہ طور پر موٹر سائیکل چوری اور راہزنی کی 20سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ہے ۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے چھینی گئی موٹر سائیکل اور ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔