ملی بھگت سے 2 مرلہ پر 6 منزلہ خطرناک عمارت تعمیر
کوٹ اسحاق میں حفاظتی اصول نظر انداز ، علاقہ مکین خوف وہراس میں مبتلا
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر )میونسپل کمیٹی لدھیوالہ کے بلڈنگ انسپکٹر کی مبینہ ملی بھگت سے کوٹ اسحاق میں حفاظتی اصولوں کو نظر انداز کر کے 2مرلہ کے پلاٹ پر6منزلہ خطر ناک عمارت تعمیر کر دی گئی جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے ۔ گلی کے مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات میونسپل کمیٹی لدھیوالہ کے افسر وں اور عملے کی مبینہ ملی بھگت کے بغیر ممکن نہیں اور یہ تعمیر کی گئی عمارت نہ تو بلڈنگ بائی لاز کے مطابق ہے اور نہ ہی اس کی تعمیر کے دوران کسی قسم کے حفاظتی اصولوں کو مدنظر رکھا گیا ہے، لوگوں نے بتایا کہ عمارت کی دیواروں کی موٹائی بھی مقررہ معیار سے کم ہے 4 انچ موٹائی کی بنائی گئیں دیواریں انتہائی کمزور ہیں جو تیز آندھی اور زلزلہ کی صورت میں عمارت کے زمین بوس ہونے کا خدشہ ہے ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اتنی کم جگہ پر بلند و بالا عمارت کی تعمیر نہ صرف مکینوں بلکہ اردگرد کے گھروں کیلئے بھی خطرہ بن چکی ہے ۔ لوگوں نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے عمارت کے مالک اور ذمہ دار افسر وں کے کارروائی کی جائے اور عمارت کو فوری مسمار کیا جائے۔