گوجرانوالہ چیمبر ، انتظامیہ کاسکل ڈویلپمنٹ سینٹر کیلئے معاہدہ

گوجرانوالہ چیمبر ، انتظامیہ کاسکل ڈویلپمنٹ سینٹر کیلئے معاہدہ

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر ،سٹی رپورٹر) گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے انکیوبیشن اینڈ سکل ڈویلپمنٹ سینٹر /دین محمد لائبریری کے قیام کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے ۔

ایم او یو پر دستخط کی پروقار تقریب میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد، صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری علی ہمایوں بٹ، ممبران چیمبر آف کامرس اور دیگر نے شرکت کی۔اس موقع پر مقررین نے کہا انکیوبیشن سنٹر نوجوانوں کو کاروباری رہنمائی، سٹارٹ اپ سپورٹ، تربیتی ورکشاپس اور جدید مہارتوں کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گاجبکہ دین محمد لائبریری علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوگی۔ تقریب سے خطاب کرتے صدر گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس علی ہمایوں بٹ نے کہا کہ چیمبر کے پانچ تا چھ ڈریم پراجیکٹس میں پرائمری انکیوبیشن سینٹر سرفہرست تھاجس کے لیے گزشتہ چار تا پانچ ماہ کے دوران مسلسل عملی اقدامات کیے گئے ، اس سینٹر کے قیام سے نوجوانوں کو آئی ٹی اور ٹیکنیکل ایجوکیشن، اسٹارٹ اپ سپورٹ اور کاروباری رہنمائی کی سہولت میسر آئیگی جبکہ مقامی صنعت کو تربیت یافتہ افرادی قوت فراہم کی جا سکے گی۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے خطاب میں صدر چیمبر علی ہمایوں بٹ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ انکی قیادت میں اس منصوبے کو عملی شکل دیکرخستہ حال عمارت کو جدید تعلیمی مرکز میں تبدیل کر کے نوجوانوں کے لیے فعال سہولت فراہم کی گئی۔ کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر نے کہا جدید ٹیکنالوجی نے عالمی سطح پر کام کے مواقع میں وسعت پیدا کی ہے اور یہ مرکز نوجوانوں کو قومی و بین الاقوامی منڈی سے جوڑنے میں کردار ادا کریگا، اس کا انتظام پیشہ ورانہ بنیادوں پر چلایا جائیگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں