ماہ صیام: سبزیوں پھلوں کے من مانے نرخ شہری پریشان
سرکاری ریٹ لسٹ نظر انداز،ٹماٹر100،شملہ مرچ240،پیاز 90،سیب 500،ایرانی کھجور 520،امرودو190روپے کلو،کیلا225،کینو 340کے درجن
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)رمضان المبارک کا پہلا عشرہ جاری، سبزی پھل اور دیگر اشیا خورونوش کی قیمتوں میں کمی نہ ہوسکی ۔ٹماٹر ،پیاز ،کیلا سیب اور کینو سرکاری نرخ ناموں کے برعکس فروخت ہو رہے ہیں ۔اوپن مارکیٹ میں مہنگائی کا طوفان بر پا ہے ۔دکاندار سبزیاں اور پھل من مانے نرخوں پر فروخت کر رہے ہیں۔سرکاری ریٹ لسٹ پر بالکل عملدر آمد نہیں ہو رہا۔سرکاری ریٹ لسٹ کے مطا بق امرود کا ریٹ 140ہے لیکن دکاندار190روپے کلوجبکہ سیب اول درجہ کا ریٹ 400کی بجائے 500روپے کلو فروخت کر رہے ہیں۔کیلا225روپے درجن کی بجائے 300 ،کینو220روپے سے 340روپے درجن ،کھجور ایرانی کا سرکاری ریٹ 410روپے لیکن دکاندار 520روپے کلو بیچ ر رہے ہیں۔
اسی طرح سبزیوں میں پیاز کا سرکاری ریٹ 60لیکن دکاندار 90روپے کلو،ٹماٹر 85 کی بجائے 100،پالک 33کی بجائے 60،سبز مرچ 115کی بجائے 150،شملہ مرچ 150کی بجائے 240 اورلہسن سرکاری نرخ پر 530 کی بجائے 600روپے کلو گرام فروخت کر رہے ہیں۔قیمتوں میں اضافے پر دکانداروں اور شہریوں میں بحث و تکرار جاری ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ دکانداروں نے ریٹ لسٹ تو آویزاں کر رکھی ہے لیکن اس پر فروخت نہیں کر رہے ۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ناجائز منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی کریں۔دوسری طرف دکانداروں کا کہنا ہے کہ جو ریٹ سرکاری ریٹ لسٹ پر لکھاہوا ہے اس پر منڈی سے اشیانہیں ملتیں۔منڈی میں سبزی اور پھلوں کی قیمتیں کنٹرول ہونی چاہئیں۔