ملکوال: میلاد چوک ریلوے ہسپتال گرلز کالج بائی پاس روٖڈ دو دہائیوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار
دو سال قبل لیگی ایم این اے کی سفارش پر دو کروڑ کے فنڈبروقت کام شروع نہ ہونے پردوسرے منصوبہ کو منتقل ،بعدازاں کچھ حصے پر ٹف ٹائلز لگادی گئی مگر بڑا حصہ ادھورا،جلدتعمیرکرانے کامطالبہ
ملکوال(نمائندہ دنیا نیوز )میلاد چوک سے براستہ ریلوے ہسپتال گرلز کالج تک بائی پاس سڑک دو دہائیوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار، شہریوں کو آمدورفت میں سخت مشکلات کا سامنا۔ میلاد چوک سے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تک سڑک علاقہ کے منتخب ارکان اسمبلی اور متعلقہ اداروں کے غفلت کے باعث گزشتہ دو دہائیوں سے بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ۔ یہ سڑک اندرونِ شہر بائی پاس روڈ ہونے کی وجہ سے تھانہ روڈ پہ ٹریفک کے رش کو بہت کم کرنے میں کافی مددگار ہے ۔ دو سال قبل مسلم لیگی ایم این اے کی سفارش پر اس ریلوے بائی پاس روڈ کیلئے تقریباً دو کروڑ کے فنڈز منظور ہوئے لیکن بروقت کام شروع نہ ہونے اور تاخیر کی وجہ سے یہ کسی اور منصوبہ کو منتقل کر دیئے گئے ۔ بعد ازاں میونسپل کمیٹی ملکوال نے بیس لاکھ سے ریلوے پولیس سٹیشن تک سڑک کے کچھ حصے پر ٹف ٹائلز کا کام کروا دیا تاہم سڑک بڑا حصہ تاحال تعمیر نہیں ہو سکا۔ جس سے روڈ سے گزرنے والی ٹریفک اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہریوں نے ممبر قومی اسمبلی ناصر اقبال بوسال سے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوے بائی پاس روڈ کی تعمیر جلد مکمل کرائی جائے ۔