احتجاج ہر شہر ی کا بنیادی حق ‘ علما کر دار ادا کریں : صبا اصغر

احتجاج ہر شہر ی کا بنیادی حق ‘ علما کر دار ادا کریں : صبا اصغر

پولیس امن و امان کے قیام کیلئے ہر ممکن اقدامات کریگی:ڈی پی او سیالکوٹ

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دوست محمد کی زیرِ صدارت ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اراکین کا خصوصی اجلاس ڈی سی آفس کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں علما کرام، مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندگان اور ضلعی انتظامیہ کے افسر وں نے شرکت کی۔اجلاس کے آغاز میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اﷲ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے ، تاہم اس حق کے استعمال کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ علما کرام پر خصوصی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ احتجاج کو پر امن رکھیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے اجتناب کو یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے موجودہ علاقائی حالات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی اور ایران پر حالیہ سٹرائیک جیسے واقعات کے تناظر میں ملک کے اندر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام مکاتبِ فکر کے افراد کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانا ہوں گی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دوست محمد نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ دشمن عناصر پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں اور ان کا سب سے خطرناک ہتھیار نفاق اور انتشار ہے ۔ ڈی پی او نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی پولیس امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں