حافظ آ باد :ڈپٹی کمشنر کا دیہات میں صفائی ، نکاسی آب کا جائزہ
سیوریج لائنیں بچھانے ، ڈسپوزل یونٹس اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگایا جائیگا:عبد الرزاق
حافظ آباد (نامہ نگار ،نمائندہ دُنیا )ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق نے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت مختلف دیہات میں صفائی اور نکاسی آب کے کاموں کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے سوا سات ارب روپے کی لاگت سے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرا م کے تحت جاری میگا سیوریج پراجیکٹ کی سائٹ کاد ورہ کیا جہاں انہوں نے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔سیوریج کے اس میگاپراجیکٹ کے تحت شہربھر میں زیر زمین سیوریج لائنیں بچھانے ، ڈسپوزل یونٹس اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگایا جائیگا۔ڈپٹی کمشنر نے جیل روڈ پر منصوبے کی سائٹ کا دورہ کر تے ہوئے وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے تعمیراتی کام کے دوران میٹریل کی کوالٹی کو100 فیصد بنانے کی ہدایت کی ۔ڈپٹی کمشنر نے پراجیکٹ سائٹ پر تمام ضروری حفاظتی و احتیاطی اقدامات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے وچھو کی خورد ،کوٹ خوشحال اور دیگر دیہات کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے سڑک سمیت دیگر عوامی فلاحی و ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔