ڈاکٹر تشدد ،وائی ڈے اے کا ذمہ داروں کیخلاف کا رروائی کا مطالبہ
کارروائی نہ کی گئی تو آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کر نے پر مجبور ہو نگے :ڈاکٹر نبی احمد چٹھہ
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن گوجرانوالہ کے صدر ڈاکٹر نبی احمد چٹھہ نے تحصیل ہسپتال وزیرآباد میں پیش آنے والے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور تشدد انتہائی افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق وزیرآباد پولیس کے بعض اہلکار میڈیکو لیگل ورک کے سلسلے میں تحصیل ہسپتال وزیرآباد پہنچے اور فی میل ڈاکٹر کے کمرے میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ اس موقع پر وہاں موجود میل ڈاکٹر فرحان الکبیر نے انہیں ضابطہ اخلاق اور پیشہ ورانہ حدود کا خیال رکھنے کی درخواست کی جس پر مبینہ طور پر پولیس اہلکار مشتعل ہو گئے اور ڈاکٹر کو دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔ ڈاکٹر نبی احمد چٹھہ کے مطابق معاملہ ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے علم میں لایا گیا تاہم اس دوران مبینہ طور پر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او دیگر اہلکاروں کے ہمراہ ڈی ایم ایس آفس پہنچ گئے جہاں ڈاکٹر فرحان الکبیر کے آنے پر کمرہ بند کر کے ان پر تشدد کیا گیا اور ان کا موبائل فون بھی چھین لیا گیا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ محکمہ صحت اور محکمہ پولیس کے اعلیٰ حکام فوری طور پر اس واقعہ کی شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کر ائیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ڈاکٹر نبی احمد چٹھہ نے واضح کیا کہ اگر اس واقعہ کا فوری نوٹس نہ لیا گیا تو وائے ڈی اے گوجرانوالہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرنے پر مجبور ہوگی۔