اسسٹنٹ کمشنر وزیر آ باد سے سپورٹس کمیٹی کے وفد کی ملاقات
کھیلوں کے فرو غ کیلئے تجاویز پر تبادلہ خیال ،رمضان میں کرکٹ ٹور نامنٹ کا فیصلہ
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )تحصیل سپورٹس کمیٹی وزیرآباد کے ممبر ز کی اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیر زادہ سے ملاقات ،کھیلوں کے فروغ کیلئے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ تحصیل سپورٹس کمیٹی وزیرآباد کے سپورٹس آفیسر محمد اعظم پال کی وفد کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیر زادہ سے ملاقات کی ۔وفد میں کمیٹی کے ممبران صدر ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن حاجی نوید یونس پاپا،میڈیا کوآرڈی نیٹر کاشف محمود خان ،انٹرنیشنل بیڈمنٹن کھلاڑی محمد زوہیب ،انٹرنیشنل ایتھلیٹ افضل بیگ ،کبڈی پلیئر ناصر اخیر،ہاکی پلیر عامر رفیق بٹ اور کرکٹر خرم شامل تھے ، اس موقع پر کھیلوں کے فروغ کیلئے سیر حاصل گفتگو کی گئی اور رمضان المبارک میں کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ وہ دستیاب کھیلوں کے گراؤنڈ کی حالت زار کو بہتر بنائیں گے جبکہ اہلیان وزیرآباد کیلئے ایک فٹبال گراؤنڈ بھی بنا رہے ہیں۔ جس کے لیے موقع پر ہی جگہ کی نشاندہی کے احکامات جاری کیے گئے جس پر کمیٹی کے ممبران نے ان کا شکریہ ادا کیا۔تحصیل سپورٹس آفیسر محمد اعظم پال اور ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر نوید یونس پاپا نے کہا کہ کھیل کے میدان آباد ہونے سے صحت مند معاشرے تشکیل پاتا ہے اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیر زادہ کی کھیلوں کے فروغ کے لیے کوششیں قابل ستائش ہیں۔