ہارٹیکلچر ایجنسی گجرات کو اثاثوں کی منتقلی کیلئے ٹیم تشکیل
ڈپٹی کمشنر سربراہ،میونسپل کارپوریشن اور ہارٹیکلچر ایجنسی کے نمائندگان ممبر ہونگے
گجرات(سٹی رپورٹر ، نامہ نگار )میونسپل کارپوریشن گجرات سے پارکس اور ہارٹیکلچر سے متعلق امور، اثاثہ جات اور عملہ نئی قائم شدہ ہارٹیکلچر ایجنسی گجرات کو منتقل کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ ٹرانزیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی ،ٹیم کی سربراہی ڈپٹی کمشنر گجرات کریں گے جبکہ میونسپل کارپوریشن اور ہارٹیکلچر ایجنسی کے نمائندگان ممبر ہوں گے ۔ ٹیم پارکس اور ہارٹیکلچر سے متعلق اثاثہ جات اور عملے کی فہرست مرتب کرے گی اور انہیں نئی ہارٹیکلچر ایجنسی کو منتقل کرنے کے عمل کو یقینی بنائے گی۔اس حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں اے ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ ذوالفقار احمد، اے ڈی سی جی صبا سحر، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ظفر عباس اور آر ایچ او راشد چٹھہ سمیت متعلقہ افسر وں نے شرکت کی۔ اجلاس میں اثاثہ جات اور عملے کی منتقلی کے طریقہ کار پر غور کیا گیا۔