سلگتے عوامی مسائل کے ذمہ دار روایتی سیاستدان:سلمان راجہ
موجودہ کرپٹ حکمرانوں سے نجات تک معاشرتی بہتری کی راہ ہموارنہیں ہوسکتی
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی عوامی امنگوں کی ترجمانی کی خاطر برسر پیکار ہے اور اپنے اصولی مطالبات کو تسلیم کروائے بغیر ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ، سلگتے عوامی مسائل کے ذمہ دار روایتی سیاستدان ہیں جنہوں نے اقتدار کی باریاں لیں مگر ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی کی خاطر کچھ نہیں کیا، جب تک موجودہ کرپٹ حکمرانوں سے نجات ممکن نہیں ہوگی اس وقت معاشرتی بہتری کی راہ ہموارنہیں ہوسکتی، حکمرانوں کو جمہوری اقدار کی پاسداری کرتے ہوئے فوری اقتدار سے الگ ہونا ہوگا ورنہ عوام انہیں اقتدار کے ایوانوں سے نکال باہر کرے گی اور یہ وقت زیادہ دور نہیں کیونکہ قوم کے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہوچکا ہے ۔
ان خیالات کا اظہا رانہوں نے ڈار ہاؤس میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عثمان ڈار، ریحانہ امتیاز ڈار، روبا عمر ڈار، صاجنرادہ حامد رضا، عثمان جاوید گھمن، وقاص افتخار بٹ، مرکزی رہنما عمر ڈار، سٹی صدر اعجاز جاوید، ضلعی صدر انصاف لائرز فورم مجسم زرخیز انور خان ،علی اعجاز بٹر، ڈویژنل جنرل سیکرٹری آئی ایل ایف طاہر سلطان،بیرسٹر جمشید غیاث او ربڑی تعداد میں کارکن موجود تھے ۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کڑی شرائط پر حاصل کئے گئے سودی قرض حکمران ایک بار پھر اپنی شہ خرچیوں پر اڑا رہے ہیں یہ پیسہ عوام پر خرچ کرنے کے بجائے جس طرح دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہاہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ حکمران جس پیسے سے اپنی تجوریاں بھررہے ہیں اس کی ادائیگی غریب عوام کو اپنی خون پسینے کی کمائی سے کرنا پڑری ہے اگر موجود ہ حکمرانوں کی استحصالی پالیسیوں کا راستہ نہ روکا گیا تو عوام کا جینا مزید محال ہو جائیگا۔