پیرا فورس کا ملکہ میں نرخوں کا جائزہ ‘دکانداروں کو جرمانہ
گرانفروشی برداشت نہیں ،بازاروں کی چیکنگ جاری رہے گی:رائے سہیل اظہر
گلیانہ(نامہ نگار )انسپکٹر پیرا فورس کھاریاں رائے سہیل اظہر کی قیادت میں پیرا فورس ٹیم نے قصبہ ملکہ کا دورہ کیا اور بازار کا معائنہ کرتے ہوئے متعدد کریانہ سٹورز، فروٹ شاپس اور پٹرول پمپس کی چیکنگ کی۔ اس دوران صفائی ستھرائی، سرکاری نرخ ناموں اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔چیکنگ کے دوران گرانفروشی کرنے والے چند دکانداروں کو بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے جبکہ دیگر دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔اس موقع پر انسپکٹر پیرا فورس کھاریاں رائے سہیل اظہر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو اشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں پر فراہم کرنا دکانداروں کی ذمہ داری ہے اور گرانفروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیرا فورس کی جانب سے بازاروں کی باقاعدگی سے چیکنگ جاری رہے گی۔ اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔