سرکاری نرخ نظرانداز،پھل وسبز یاں پہنچ سے دور
سیب ‘خربوزہ ‘امرود ‘ کیلا ‘ پیاز‘ لہسن ‘ ٹماٹر ‘ادرک ،کریل ، سبز مرچ مہنگے داموں فروخت ، ٹرانسپورٹ کرایہ بڑھنے سے قیمتوں میں اضافہ ہو ا :دکاندار
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)رمضان المبارک کا تیسرا عشرہ جاری ہے لیکن پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں کمی نہ آسکی ۔دکاندار سرکاری ریٹ لسٹ کو نظر انداز کر کے من مانے نرخوں پر اشیا فروخت کر رہے ہیں۔کیلا 350روپے درجن ، سیب 500روپے کلو ،پیاز 90روپے کلو گرام ،لہسن 600روپے کلو جبکہ ٹماٹر100روپے کلو فروخت ہونے لگے ۔ رمضان المبارک کا اختتام اورعید الفطر کی آمد آمد ہے ‘ دکانداروں نے پھلوں اور سبزیوں کی قیمت میں مزید اضافہ کر دیا ،کیلے کا سرکاری ریٹ225روپے فی درجن ہے لیکن دکاندار 350روپے میں فروخت کر رہے ہیں۔
اسی طرح سیب کا ریٹ 400روپے‘ لیکن دکاندار500روپے کلو فروخت کر رہے ہیں۔امرود 140روپے کے بجائے 190روپے فی کلو گرام ، خربوزہ 180روپے سے 220روپے فی کلو گرام جبکہ کینو 300روپے میں فروخت ہو رہا ہے ۔ ادرک 290 کے بجائے 400 روپے ،ٹماٹر60 کے بجائے 100 روپے ،پیاز 50کے بجائے90روپے ،سبز مرچ 100روپے کے بجائے150روپے ،لہسن 600 روپے‘کریلا 300روپے کلو گرام کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے ۔دکاندار کہتے ہیں دو روز قبل جس ریٹ سے انہیں منڈی سے ا شیا مل رہی تھیں ان کے ریٹ زیادہ ہوگئے ہیں منڈ ی سے جس ٹرانسپورٹ پر سبزی اور پھل لاتے ہیں انہوں نے بھی کرا یہ میں اضافہ کر دیا ہے ۔