سیالکوٹ:بینکوں سے کرنسی نوٹ نہ ملے ‘بلیک میں فرو خت
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )رمضان المبار ک کاتیسرا عشرہ شروع ہوچکا ہے اور عید کی آمد آمد ہے ،شہریوں کو کمرشل بینکوں سے نئے کرنسی نوٹ نہ مل سکے جبکہ بازاروں میں نئے کرنسی نوٹ بلیک میں فروخت ہونے لگے ۔
عید الفطر کے موقع پر شہریوں کو بینکوں کی جانب سے نئے کرنسی نوٹ دینے کے بجائے مارکیٹ میں فروخت کررہے ہیں۔ بازاروں میں10روپے والے کرنسی نوٹ کا پیکٹ 1500روپے ، 20 روپے والا 2500 روپے ،50روپے والا کرنسی نوٹ 5900 روپے جبکہ100روپے والا کرنسی نوٹ کا پیکٹ 11300روپے میں فروخت ہورہاہے جبکہ بینکوں کی طرف رخ کرنیوالے کسی بھی شہری کو نئے کرنسی نوٹ نہیں دئیے گئے اور کمرشل بینکوں کا عملہ شہریوں کو نئے کرنسی نوٹ دینے سے انکاری ہیں۔ شہریوں افتخار علی، عامر عباس بٹ، نیامت علی، محمد وحید، عبدالمنان، فلک شیر، فرحان علی، احتشام الحق، فضل دین، عمران علی نے کہا کہ بینکوں کا عملہ شہریوں سے غنڈہ گردی کررہا ہے اور شہریوں کو نئے کرنسی نوٹ فراہم نہیں کئے جارہے ہیں، 8877والا سسٹم بحال نہ ہوسکا جسکے تحت شہریوں کو با آسانی نئے کرنسی نوٹ مہیا کئے جاتے تھے ۔ شہریوں نے وزیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک سے مطالبہ کیا ہے کہ نئے کرنسی نوٹ نہ دینے والوں بینکوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔