مٹھائی، عید کیک اور پھیونیوں کی خریداری،قیمت میں اضافہ
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)عید الفطر قریب آتے ہی شہریوں کی طرف سے عزیز واقارب کو خوشیوں میں شامل کرنے کیلئے مٹھائی، عید کیک اور پھیونیوں کی خریداری میں اضافہ ہوگیا
جس کے باعث شہر کی سویٹ شاپس،بیکریوں پر رات گئے تک رش رہنے لگا جبکہ دکانداروں نے بھی قیمت میں اضافہ کر دیا۔ شہر کی مختلف بیکریوں پر عید کیک 900روپے فی پاؤنڈ سے 1400روپے فی پاؤنڈ جبکہ مٹھائی1000سے 1400روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے جبکہ عزیز واقارب کو عیدی دینے کیلئے پھیونیوں کی خریداری کا سلسلہ بھی عروج پر ہے جس کے باعث پھیونیوں کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ،400روپے فی کلو گرام ملنے والی پھیونیاں اب 700روپے فی کلو گرام میں فروخت ہو رہی ہیں ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ عید الفطر میٹھی عید ہے ،عزیز واقارب اور دوستوں کو مٹھائی اور سوئیاں بھجوائی جاتی ہیں۔دکانداروں کی جانب سے اس کی قیمت میں اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے ۔ دکانداروں کا کہنا تھا کہ گاہک مٹھائی ،کیک اور پھیونیوں کو خوبصورت ڈبوں اور ٹوکریوں میں پیک بھی کراتے ہیں جس کیوجہ سے اس کی قیمت زائد وصول کی جاتی ہے ۔