سمبڑیال:پٹرول پمپوں پر کم پیمانے ،شہریوں کا احتجاج
سمبڑیال(سٹی رپورٹر )سمبڑیال تحصیل میں پٹرول پمپوں پر کم پیمانہ سے پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کنٹرول نہ کی جاسکی، شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔
تفصیلات کے مطابق جہاں حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات مہنگا کرکے عوام کی کمر توڑ دی گئی وہاں پر رہی سہی کسر سمبڑیال و گردونواح میں قائم بعض پٹرول پمپوں پر مبینہ طور پر کم پیمانہ، سرکاری نرخوں سے مقرر کردہ زائد ریٹ پر غیر معیاری پٹرولیم مصنوعات کی فروخت نے نکال کر رکھ دی ۔ شہریوں کے مطابق پٹرول پمپوں پر کم پیمانہ کے ساتھ ساتھ غیر معیاری پٹرولیم مصنوعات ٹرانسپورٹرز اور عام شہریوں میں فروخت معمول بن چکا ہے جبکہ انتظامیہ، پیرا فورس کی طرف سے تسلسل کے ساتھ پیمائشی پیمانوں اور معیار سمیت ریٹ کا چیک اینڈ بیلنس ناکام ہونے پر پٹرول پمپوں پر عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے اور انتظامی افسر صورتحال کا نوٹس لینے کے بجائے ٹرانسپورٹرز اور شہریوں کے سر عام لٹنے کا تماشا دیکھ رہے ہیں۔سول سوسائٹی،شہریوں،ٹرانسپورٹرز نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سمیت متعلقہ حکام بالا سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔