ناکے لگا کر بنائے ڈرائیونگ لائسنس نہ ملے: شہری 4 ماہ سے دفاتر میں خوار
فیس جمع کرانے اور کاغذات مکمل کرنے کے با وجود شہریوں کو انتظار کا کہا جانے لگا، پرنٹنگ کی وجہ سے تاخیر ہو رہی ،اعلیٰ حکام کو آگاہ کر دیا :ٹریفک پو لیس
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)شہر بھر میں ٹریفک پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر ناکے لگا کر شہریوں کے ڈرائیونگ لائسنس بنانے کی مہم جاری ہے تاہم تین سے چار ماہ گزرنے کے باوجود ہزاروں شہریوں کو اب تک ڈرائیونگ لائسنس موصول نہ ہو سکے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک اہلکاروں نے ناکوں پر روک کر فوری طور پر ڈرائیونگ لائسنس بنانے کی ہدایت کی اور فیس جمع کر انے کے بعد کاغذات بھی مکمل کر لئے گئے لیکن طویل عرصہ گزرنے کے باوجود لائسنس فراہم نہیں کیے جا رہے ، متعلقہ دفاتر کے چکر لگانے کے باوجود انہیں صرف انتظار کرنے کا کہا جا رہا ہے ۔شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ لائسنس بنوانے کے عمل میں غیر ضروری تاخیر سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ کئی افراد کو بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر دوبارہ چالان ہونے کا بھی خدشہ ہے ۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر زیر التوا ڈرائیونگ لائسنس جلد از جلد جاری کیے جائیں ۔ٹریفک پولیس حکام کا کہنا تھا کہ پرنٹنگ کی وجہ سے لائسنس آنے میں تاخیر ہو رہی جس کے بارے میں اعلیٰ حکام کو آگاہ کر دیا ۔