ملکوال میں استحکام پاکستان و یکجہتی افواج پاکستان ریلی
قوم افواج کے شانہ بشانہ ،کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا:مقررین
ملکوال(نمائندہ دنیا )نواحی گاؤں بوسال میں دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام استحکام پاکستان و یکجہتی افواج پاکستان کے عنوان سے بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ قیادت دفاع پاکستان کونسل کے صوبائی رہنما راؤ اشرف جاوید حسینی نے کی۔ ریلی کا آغاز جامع مسجد صدیق اکبر سے ہوا اور مقررہ راستوں سے گزرتی ہوئی لاری اڈ ابوسال پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکا کی جانب سے پاک فوج کے حق اور ملکی استحکام کیلئے بھرپور نعرے بازی بھی کی گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کا مثبت تشخص عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے اور ملکی سلامتی کیلئے ان کی قیادت میں افواج پاکستان کا کردار قابلِ تحسین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کسی بھی اندرونی یا بیرونی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کے اندر رہتے ہوئے ملک دشمن عناصر اور سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور ضرورت پڑنے پر افواج پاکستان کے ساتھ مل کر سرحدوں کے دفاع میں بھی کردار ادا کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے ۔