خرم دستگیر نے رتہ باجوہ ڈسپوزل سٹیشن کا افتتاح کردیا
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں صوبہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے :سابق وزیر
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر )سابق وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان نے کروڑوں روپے کی لاگت سے زیر تعمیر رتہ باجوہ ڈسپوزل سٹیشن کا افتتاح کردیا۔سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر اور سابق ایم پی اے حاجی وقار احمد چیمہ نے واسا افسر وں سے بریفنگ بھی لی۔ خرم دستگیر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے ،اربوں روپے کی لاگت سے واسا کے منصوبے گوجرانوالہ کی ترقی اور عوام کی بہتری کیلئے ہیں،رتہ جھال ڈسپوزل کی تعمیر سے سیوریج کے مسائل حل ہوں گے اور عوام کو دیرینہ مسائل سے نجات مل جائے گی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے ۔اس موقع پر سابق یوسی چیئرمینز چودھری علی شان،رانا بلال نثارودیگر اہل علاقہ بڑی تعداد میں موجود تھے ۔