بلوں کی ترسیل میں تاخیر ، واسا نے گیپکو کو بھی پچھاڑ دیا

 بلوں کی ترسیل میں تاخیر ، واسا نے گیپکو کو بھی پچھاڑ دیا

یکم اپریل کو جار ی بل شہریوں کو 29دن بعد موصول، ادائیگی کیلئے 24 گھنٹے وقت

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )واسا نے گیپکو کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔مہنگائی کی چکی میں پسنے والے صارفین سے پانی کی فراہمی کے بعد خون نچوڑنے کا منصوبہ بنا لیا۔اندرون شہر کے متعدد علاقوں میں واسا کے کام چور عملہ نے پانی کے بل ادائیگی سے ایک روز قبل بھجوا دئیے ۔واسا کی طرف سے جاری کئے گئے پانی کے بل یکم اپریل کو جاری کئے گئے اور 29 دن بعد شہریوں کو بھجواتے ہوئے ہدایت کی گئی کی 24 گھنٹے بعد آخری تاریخ ہے بل جمع نہ کر انے پر بھاری جرمانے ادا کرنے ہوں گے ، بل تاخیر سے پہنچنے پر صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

شہری باؤ رشید،زاہد قریشی، امجد، وسیم، عنصر،نوید،جنید کا کہنا ہے کہ بروقت بل نہ ملنے سے بروقت ادائیگی ممکن نہیں ہوتی اور تاخیر سے جمع کر انے پر اضافی جرمانے عائد کئے جاتے ہیں۔ صارفین نے اسے جرمانے کی مد میں اضافی وصولیوں کا منصوبہ قرار دیتے ہوئے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واسا بلوں کی بروقت تقسیم کو یقینی بنائے تاکہ عوام کو غیر ضروری جرمانوں اور پریشانیوں سے بچایا جا سکے ۔شہریوں کا مطالبہ ہے کہ تاخیر سے بل بھجوانے والے کام چور عملہ کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں